19

ملک کو ہر خطرے سے بچانے کے لیے مکمل تیار ہیں، سربراہ پاک بحریہ

آج کا دن ہم اپنے غازیوں اور شہدا کے بے مثال حوصلے، شجاعت اور ثابت قدمی کے نام کرتے ہیں، نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ۔
کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ کا کہنا ہے کہ آج کا دن ارض پاک کے دفاع کے لیے بے لوث ولولے اور قربانی کے جذبے کے احیا کا تقاضا کرتا ہے۔
یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ آج کا دن ارض پاک کے دفاع کے لیے بے لوث ولولے اور قربانی کے جذبے کے احیا کا تقاضا کرتا ہے، آج پاکستان ہر محاذ پر ثابت قدمی اور پرعزم انداز سے ترقی کررہا ہے تاہم پر امن بقائے باہمی کی دیرینہ خواہش کے ساتھ ساتھ ہمیں خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے با خبر رہنے کی ضرورت ہے۔
سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی پاکستانی بندرگاہوں، ساحلی پٹی اور سمندری راہداریوں کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے ہر دم تیار اور چوکنا ہے، اپنی شاندار روایات کو زندہ رکھتے ہوئے آج کا دن ہم اپنے غازیوں اور شہدا کے بے مثال حوصلے، شجاعت اور ثابت قدمی کے نام کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں