1

افغان صدر اشرف غنی کا عمران خان کو فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عمران خان کیلئے نیک تمناوں اور خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو افغانستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان افغانستان میں نہایت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں، افغان نوجوانوں میں عمران خان کی مقبولیت کے باعث افغانستان میں کرکٹ کو نہایت تیزی سے فروغ ملا جب کہ پاکستان اور افغانستان باہم بھائی چارے، ہمسائیگی اور دوستی کے دیرینہ رشتوں سے منسلک ہیں۔افغان صدر اشرف غنی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناوں کے اظہار پر افغان صدر کا شکریہ ادا کیا اور دورہ افغانستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے، تحریک انصاف کی نگاہ میں پاک افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، تحریک انصاف دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات میں سرگرمی اور تحریک لائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں